Tuesday, April 23, 2024

ولادیمیر پیوٹن اور جو بائیڈن کا ٹیلیفونک رابطہ، کئی معاملات زیر بحث آئے

ولادیمیر پیوٹن اور جو بائیڈن کا ٹیلیفونک رابطہ، کئی معاملات زیر بحث آئے
February 13, 2022 ویب ڈیسک

ماسکو (92 نیوز) روس یوکرین کشیدگی پر امریکی صدر جو بائیڈن نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں کئی معاملات زیر بحث آئے۔

صدر بائیڈن نے روسی صدر سے کہا کہ روس نے یوکرین میں دراندازی کی تو اسے فیصلہ کُن ردعمل کا سامنا ہو گا۔ امریکا سفارت کاری اور دیگر منظرناموں کے لیے تیار ہے۔ روسی جارحیت سے بڑے پیمانے پر مشکلات ہوں گی۔ روس کا مؤقف کمزور پڑ جائے گا۔

پیوٹن ،بائیڈن ٹیلیفونک رابطہ کے بعد کریملن معاون یوری اوشاکوف نے کہا امریکا نے سکیورٹی ضمانتوں پر روس کو کوئی خاطر خواہ جواب نہیں دیا۔ نیٹو کی توسیع ، یوکرائن  میں  فوجیوں کی عدم تعیناتی  پر کوئی  جواب  نہیں  ملا۔ انہوں نے کہا امریکا منصوبہ بندی   کے تحت روسی حملے کا خوف  پھیلا  رہا  ہے، یہاں تک کہ  حملے کی تاریخیں دے رہا ہے۔

امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے بھی روسی وزیر دفاع سرگئی شوئیگو سے رابطہ کیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع نے روسی ہم منصب سے یوکرائن اور کریمیا کے نزدیک روسی افواج کے اضافے پر تبادلہ خیال کیا۔ دونوں وزرا دفاع کے درمیان سکیورٹی مسائل پر بھی بات ہوئی۔

روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے اپنے امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ روسی وزیر خارجہ نے امریکا پر روسی جارحیت کے پروپیگنڈے کا الزام عائد کیا۔ روسی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ واشنگٹن اور برسلز نے اہم روسی سکیورٹی مطالبات کو نظر انداز کر دیا ہے۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور صدر پیوٹن کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ دونوں رہنمائوں نے روس کے لئے طویل مدتی قانونی تحفظ کی ضمانتوں کو یقینی بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ پیوٹن نے کہا کہ امریکا اور نیٹو کا کوئی ٹھوس ردعمل نہیں ہے۔ میکرون نے امریکا  اور یورپی ممالک کی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں بارے آگاہ کیا۔

یوکرائن کے صدر ولادومیر  زیلنسکی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکا کے پاس حملے  کی اطلاعات  ہیں تو شیئر کرے۔ امریکی  بیانات  سے   خوف و  ہراس کی فضا پھیل  رہی  ہے۔ سفارتخانے  خالی  ہونے سے ہماری  معیشت کو  نقصان ہو رہا ہے۔ ہمارے دوست ہماری  مدد نہیں نقصان پہنچا رہے ہیں۔

امریکا، برطانیہ، جرمنی، کینیڈ ا نے دوبارہ  جنگ کا الرٹ کرتے ہوئے شہریوں کو فوری یوکرائن  سے نکلنے  کی ہدایت کر دی۔ سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک نے بھی اپنے شہریوں کو یوکرائن کا سفر نہ کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

روس بحریہ نے امریکی آبدوز کی روسی حدود میں داخل ہونے کی کوشش ناکام بنا دی۔ روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ امریکی آبدوز نے روس کے پانیوں میں کورل جزیرے کے قریب داخل ہونے کی کوشش کی۔ امریکی آبدوز نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔ روسی بحریہ نے ورجینیا کلاس آبدوز کو واپس جانے  پر مجبور کر دیا۔