Saturday, April 20, 2024

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا فرح گوگی کو ملک میں واپس لانے کا اعلان

وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ کا فرح گوگی کو ملک میں واپس لانے کا اعلان
May 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے فرح گوگی کو ملک میں واپس لانے کا اعلان کر دیا۔

حکومت نے سابق خاتون اول کی دوست فرح خان عرف فرح گوگی کو دبئی سے واپس لانے کا فیصلہ کر لیا۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے تصدیق کر دی۔ اپنے بیان میں کہا کہ عمران نیازی بس تم نے اب گھبرانا نہیں۔ ہم فرح گوگی کو واپس لارہے ہیں جبکہ عمران نیازی کی ہر چوری کا ریکارڈ بھی جمع کیا جا رہا ہے ۔ اب عمران نیازی کا اصل چہرہ قوم کو دکھانے کا وقت آ گیا۔

انہوں نے کہا کہ فرح گوگی عمران نیازی کی فرنٹ مین ہے۔ اس سے سچ اگلوائیں گے، کسی کو بھاگنے نہیں دیں گے۔ پی ٹی آئی کے چار ملازمین کے بنک اکاﺅنٹس کی تفصیلات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 2008 سے لے کر 2022 تک ان ملازمین کے نجی اکاﺅنٹس میں جتنی رقوم آئی ہیں، ان کا ریکارڈ حاصل کر رہے ہیں۔ عمران نیازی کی فارن فنڈنگ کے 2013 سے 2022 کے9 سال کا ریکارڈ بھی منگوا رہے ہیں۔ ریکارڈ سے پتہ چلے گا کہ عمران نیازی نے دھرنے کے دوران کس کس سے کتنے پیسے لئے،  آڈیٹرز بٹھائیں گے ، جانچ پڑتال ہو گی کہ کہاں سے اور کتنا پیسہ آیا۔ ایف آئی اے اور ایف بی آر کو ہدایات دے دی ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی کے خفیہ انٹرنیشنل بینک اکاﺅنٹس میں رقوم کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے عالمی بینکس کو لکھیں گے۔ ایف بی آر ڈیٹا ایکسچینج ایگریمنٹ کے تحت کارروائی کریں گے۔ امریکہ، برطانیہ، ناروے، جرمنی، سویٹزرلینڈ، آسٹریلیا سمیت دیگر غیرملکی بینک اکاﺅنٹس کا ریکارڈ حاصل کیا جائے گا۔ عمران نیازی کے گوشواروں اور آمدن کی جانچ پڑتال کرائیں گے تاکہ پتہ چلے کہ اصل غیرملکی سازش ہے کیا؟ اور کس نے کی ؟