Tuesday, April 23, 2024

وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ پالیسی اور رپورٹ دوبارہ کمیٹی کو بھجوا دی

وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ پالیسی اور رپورٹ دوبارہ کمیٹی کو بھجوا دی
January 24, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے توشہ خانہ پالیسی اور رپورٹ دوبارہ کمیٹی کو بھجوا دی۔ کابینہ ارکان نے ملک میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر اظہار تشویش کیا، وزیر اعظم نے ذمہ داروں کا تعین کرنے کا کہہ دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو توشہ خانہ پالیسی اور توشہ خانہ کے تحائف سے متعلق بین الوزارتی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کی۔ کابینہ نے طویل بحث کے بعد توشہ خانہ رپورٹ اور پالیسی دوبارہ کمیٹی کے سپرد کر دی۔ کابینہ نے کمیٹی کو ہدایات کی کہ پالیسی پر مزید غور کر کے سفارشات آئندہ میٹنگ میں پیش کی جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے توشہ خانہ پالیسی میں تجویز کیا گیا تھا کہ کوئی بھی حکومتی عہدیدار توشہ خانہ سے تحائف نہیں خرید سکے گا۔ اجلاس میں وزیر توانائی خرم دستگیر نے گزشتہ روز بجلی کے بریک ڈاؤن کے معاملے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم اور کابینہ ارکان نے بریک ڈاؤن کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا اور تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے تعین کا کہا۔

کابینہ اجلاس میں وزارت اطلاعات کی جانب سے توانائی بچت پلان کی آگاہی کے لیے مُہم پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کمیٹی برائے قانون سازی کیسز کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔