اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے نیب ترامیم کے بل اور نیشنل کلین ائیر اور حج پالیسی 2023 کی بھی منظوری دیدی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے نیشنل کلین ائیر پالیسی پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ 2021 میں پاکستان کا شمار دنیا کے 3 آلودہ ترین ممالک میں تھا، کراچی اور لاہور کا شمار دنیا کے انتہائی آلودہ ترین شہروں میں ہوتا ہے۔ 2019 میں فضائی آلودگی سے 2 لاکھ 35 ہزار اموات رپورٹ ہوئیں۔
نیشنل کلین ائیر پالیسی ملک میں فضائی آلودگی کو کم کرنے کے اقدامات میں معاون ثابت ہوگی۔ نیشنل کلین ائیر پالیسی کے تحت نیشنل ایکشن کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ نیشنل ایکشن کمیٹی کو ایک ٹیکنکل کمیٹی معاونت فراہم کرے گی۔ پالیسی کا مقصد شہروں کو سانس لینے لئے صاف فضا کی فراہمی ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا کہنا تھا کہ نیشنل کلین ائیر پالیسی پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی۔
ادھر دوسری جانب حج پالیسی کے تحت شمالی پاکستان کے عازمین کے لئے اخراجات 11 لاکھ 75 ہزار، جنوبی پاکستان کے عازمین کے لئے 11 لاکھ 65 ہزار روپے ہوں گے۔