Sunday, September 8, 2024

وفاقی کابینہ نے کرمنل لا کی منظوری دے دی

وفاقی کابینہ نے کرمنل لا کی منظوری دے دی
January 25, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وفاقی کابینہ نے کرمنل لا کی منظوری دے دی۔

ایس ایچ او کی تعیناتی کیلئے کم از کم قابلیت بی اے ہو گی۔ کرمنل کیس کا فیصلہ نو ماہ میں کرنا لازمی ہو گا۔

وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بریفنگ میں بتایا کابینہ اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا جائزہ لیا گیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی مکمل رپورٹ نہیں آئی۔ رپورٹ میں فنانشل کرپشن کا کوئی ذکر نہیں۔ عالمی جریدے اکانومسٹ نے بھی پاکستان کی معاشی اصلاحات کی تعریف کی۔ شہباز شریف کا کیس براہ راست دکھایا جائے تاکہ لوگوں کو پتہ چلے کہ چپڑاسی کے نام پر اربوں روپے منتقل کیے گئے۔

انہوں نے کہا باہر جانے والے مزدوروں کو کوویڈ ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ باہر جانے والے مزدوروں کو کورونا ٹیسٹ میں سبسڈی دی جائے گی۔ مردم شماری پائلٹ پراجیکٹ کے نتائج اپریل تک مل جائیں گے۔ آئندہ سال جنوری میں نئی حلقہ بندیاں ہوں گی۔

فواد چودھری نے کہا پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار مشینری کی امپورٹ میں 35 فیصد اضافہ ہوا۔ ترقیاتی منصوبوں میں گزشتہ برس کی نسبت 18 فیصد زیادہ خرچ کیا گیا۔ آئی ٹی ایکسپورٹ میں 48 فیصد اضافہ ہوا۔ درآمدات میں اضافہ، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھ رہا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا شہزاد اکبر نے ہمت سے سارے معاملے کا سامنا کیا۔ ان کا متبادل لانا چیلنج ہو گا۔ چودھری شجاعت کا احترام کرتے ہیں۔ قاف لیگ کے دوستوں کو بھی اپنا مشیر سمجھتے ہیں۔