Tuesday, April 16, 2024

وفاقی کابینہ نے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی

وفاقی کابینہ نے 10 ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی
September 13, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے دس ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کردی، حجاج کرام سے لی گئی اضافی رقم فوری واپس کرنے کی منظوری بھی دیدی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں حکومتی کوٹے پر حجاج کی اوور بکنگ کے معاملے کی انکوائری رپورٹ پیش کی گئی۔ کمیٹی میں وزارتِ خزانہ، وزارتِ مذہبی امور اور اسٹیٹ بینک کے نمائندے شامل تھے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اوور بکنگ کے معاملے میں تصفیہ کے مسائل تھے، اس میں کسی قسم کی بدنیتی کے ثبوت نہیں ملے، اوور بکنگ کرنے والی بینکوں کو حجاج کو معاوضے کی رقم ادا کردی گئی ہے۔ ان بینکوں سے یہ ضرور پوچھا جائے کہ اُنہوں نے اس معاملے میں لاپرواہی سے کام کیوں لیا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سیلاب زدہ علاقوں میں بینکوں کو اپنا کام چھٹی والے دن بھی جاری رکھنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت جاری کردی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا میں ادویات کی قیمتوں میں اضافے کی قطعی حمایت نہیں کرتا۔

کابینہ نے مشترکہ قانونی مدد کی درخواستیں قبول کرنے کی وزارتِ داخلہ کی سمری منظور کرلی۔ وفاقی کابینہ نے وزارتِ نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن کی جانب سے 10 ادویات پر ریٹیل پرائس بڑھانے کی سمری مسترد کردی۔

وفاقی کابینہ نے وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی کی سفارش پر بجلی سے چلنے والے پنکھوں کے معیار  کی معیاد میں 30 جون 2023 تک توسیع کی منظوری دے دی۔ کابینہ کمیٹی برائے قانونی معاملات کی 2 ستمبر 2022 کے اجلاس میں کیے فیصلوں کی توثیق کردی۔