Tuesday, April 23, 2024

وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی فیصلے کی توثیق

وفاقی کابینہ کی قومی سلامتی کمیٹی کے دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی فیصلے کی توثیق
January 3, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔ قومی سلامتی کمیٹی کے دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی فیصلے کی توثیق کردی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں گزشتہ روز ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔ قومی سلامتی کمیٹی نے دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا فیصلہ کیا تھا۔

کابینہ نے ادویات کی قیمتوں سے متعلق ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دیدی

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ملکی سلامتی اور امن و امان کے قیام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ اقتصادی روڈ میپ معیشت کی بحالی کے ساتھ عوام کو ریلیف فراہم کرے گا۔ کابینہ نے وزارت صحت کے ادویات کی قیمتوں سے متعلق ایجنڈا آئٹمز کی منظوری بھی دے دی۔

کابینہ اجلاس کے بعد وزیردفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس بریفنگ میں کہا کہ وفاقی کابینہ نے پاور ڈویژن کی سفارش پر توانائی بچت پلان کے نفاذ کی منظوری دیدی جو فی الفور پورے پاکستان میں نافذ العمل ہوگا۔

ملک بھر میں مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے، شادی ہال رات 10 بجے بند کرنیکا فیصلہ

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مارکیٹیں ساڑھے 8 بجے جبکہ تمام شادی ہال رات 10 بجے بند ہو جائیں گے۔ ورک فریم کیلئے وزیراعظم کی سربراہی میں کمیٹی جائزہ لے گی۔ تاجر حضرات اس اقدام پر رضامند ہیں، اس پالیسی سے 62 ارب روپے کی بچت ہوگی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام سرکاری اداروں کے بجلی کے استعمال میں تیس فیصد کمی کی جائے، غیرمؤثر آلات پر پابندی عائد کردی گئی ہے، بجلی سے چلنے والے غیر معیاری پنکھوں پر اضافی ڈیوٹی عائد کی جائے گی۔ یکم فروری کے بعد پرانے بلب اور یکم جولائی کے بعد بجلی سے چلنے والے غیر موثرپنکھے تیار نہیں کئے جائیں گے۔

ملک بھر میں بجلی سے چلنے والے پنکھے بارہ ہزار میگاواٹ بجلی استعمال کرتے ہیں، ملک بھر میں ای بائیکس متعارف کرائی جارہی ہیں، ہم سالانہ تین ارب ڈالر کا تیل استعمال کررہے ہیں، پانی کی بچت سے متعلق بھرپور اقدامات کئے جائیں گے، ایسا نظام بنا رہے ہیں کہ عوام کو شفٹنگ کیلئے سہولت ہو۔