Saturday, May 11, 2024

وفاقی کابینہ کی کپاس کی امدادی قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے من کرنیکی منظوری

وفاقی کابینہ کی کپاس کی امدادی قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے من کرنیکی منظوری
March 17, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے کپاس کی امدادی قیمت ساڑھے 8 ہزار روپے من کرنیکی منظوری دیدی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، اقتصادی رابطہ کمیٹی کے14 اور 15 مارچ کے فیصلوں کی توثیق کردی گئی۔

کابینہ نے کپاس کی امدادی قیمت 8500 روپے مقرر کرنے اور پاکستان سکھ گوردوارہ پر بندھگ کمیٹی کی تشکیل نو کی منظوری دے دی۔ 13 رکنی کمیٹی میں تمام صوبوں سے سکھ برادری کی نمائندگی کو یقینی بنایا گیا ہے۔ کمیٹی آئندہ تین سال کیلئے گوردواروں کی دیکھ بھال، سکھ یاتریوں کی خدمت اور دیگر انتظامی امور سنبھالے گی۔

کابینہ اجلاس میں پاکستانی شہری محمد اسلم کی انٹرپول کےذریعے سعودی عرب حوالگی اور وکلاء کے تحفظ کا بل پارلیمنٹ میں پیش کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وکلاء کا پاکستان کے آئینی ارتقا میں کلیدی کردار ہے۔

اجلاس میں ایس ایم ای بینک کے وائنڈنگ ڈاؤن کی منظوری بھی دی گئی، وزیراعظم نے کہا کہ صارفین کی جمع کرائی گئی رقوم کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔