Friday, March 29, 2024

وفاقی کابینہ کا افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ

وفاقی کابینہ کا افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ
June 28, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی کابینہ نے افغانستان سے ٹرانسپورٹرزکو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں7  نکاتی ایجنڈا منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔ کابینہ نے افغانستان سے ٹرانسپورٹرز کو 6 ماہ کا ملٹی پل ویزہ دینے کا فیصلہ کرلیا۔

افغانستان سے پاکستان آنے والے ٹرانسپورٹرز کو 10 روز تسکرہ کی شرط ختم کردی گئی، ویزہ میں مزید توسیع دی جاسکے گی۔ فیصلہ سے سنٹرل ایشیاء افغانستان میں تجارت کو تقویت ملے گی۔ اجلاس میں مختلف ممالک سے متعلق ویزا پالیسی میں تبدیلی کا ایجنڈا بھی منظورکیا گیا۔

کابینہ نے حج پالیسی 2022 کا نیا مسودہ بھی منظور کرلیا، دوران اجلاس وزیراعظم نے حج آپریشنز میں بینکوں کی ناقص کارکردگی کا نوٹس لیا اور حاجیوں کی درخواستوں اور بینکوں کے حوالے سے شکایات پر وزیر خزانہ سے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعظم نے حاجیوں کی سہولیات اور انتظامات کیلئے وزیر مذہبی امور کو بھی ہدایات جاری کیں۔

کابینہ نے قومی ویسٹ منیجمنٹ پالیسی 2022 منظور کرلی۔ وفاقی کابینہ نے سرکاری اداروں اور کارپوریشنز میں بلوچستان کی نمائندگی دینے کا ایجنڈا بھی منظور کرلیا۔