Saturday, April 20, 2024

وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو عہدے سے برطرف کر دیا

وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب کو عہدے سے برطرف کر دیا
May 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی حکومت نے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے برطرف کر دیا۔

کابینہ ڈویژن نے عمر سرفراز کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔ آئین کے آرٹیکل 48 کے تحت گورنر پنجاب کو ہٹایا گیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی قائم مقام گورنر پنجاب ہوں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سمری کی مدت ہونے پر گورنر پنجاب کو ڈی نوٹیفائی کیا گیا۔

صدر نے گورنر پنجاب کو ہٹانے کی وزیراعظم کی ایڈوائس ایک بار پھر مسترد کردی تھی۔ صدر عارف علوی نے موقف اختیار کیا تھا کہ گورنر کو ان کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جا سکتا۔

 ادھر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی برطرفی کے بعد انکی سکیورٹی ہٹا دی گئی ۔ ذرائع پنجاب حکومت کے مطابق عمر سرفراز چیمہ اب گورنر نہیں رہے تو ان کو سکیورٹی بھی نہیں دی جا رہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اگر عمر سرفراز چیمہ گورنر ہاؤس آئے تو انہیں بغیر اجازت داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ گورنر ہاؤس کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔