Thursday, April 25, 2024

وفاقی حکومت نے کسانوں کے مطالبات منظور کر لیے

وفاقی حکومت نے کسانوں کے مطالبات منظور کر لیے
October 4, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - کسان اتحاد کے حکومت سے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ وفاقی حکومت نے کسانوں کے مطالبات منظور کر لیے۔

اسلام آباد میں کسانوں کا 7 روزہ احتجاج رنگ لے آیا۔ فیول ایڈجسمنٹ چارجز  اور موجودہ بجلی بلوں کی ادائیگی کو مؤخر کرنے کا مطالبات منظور کر لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے کسان اتحاد نے ملاقات کی جس کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کسانوں کے دھرنے میں پہنچے۔ کسان اتحاد نے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی موجودگی میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ کسانوں کے مطالبات پر عملدرامد کیلئے مجھ سمیت 3 وزراء پر مشتمل کمیٹی کام کرے گی۔ وزیراعظم آئندہ 10 دن میں کسان پیکج کا اعلان کریں گے۔

کامیاب مذاکرات کے بعد اسلام آباد کے خیابان چوک پر بیٹھے کسان واپس چلے گئے اور سات روز سے بند اسلام آباد کی کئی شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔