Wednesday, April 24, 2024

وفاقی دارالحکومت میں بارش اور بادلوں کے ڈیرے، گرمی کی چھٹی

وفاقی دارالحکومت میں بارش اور بادلوں کے ڈیرے، گرمی کی چھٹی
June 19, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی دارالحکومت میں بارش اور بادلوں کے ڈیرے، گرمی کی چھٹی ہوگئی۔ محکمہ موسمیات نے مزید بارش کی پیش گوئی کردی۔ پنجاب کے جنوبی اضلاع میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔

ملک بھر میں پری مون سون کے جلوے جاری ہیں، گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں صبح کے وقت ہونے والی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

کشمیر، گلگت بلتستان میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوگی جبکہ بلوچستان کے بعض اضلاع گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔

پنجاب کے جنوبی اضلاع راجن پور، بہاولپور اور رحیم یار خان میں گرد آلود ہوائیں بھی چلیں گی۔ محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ پری مون سون کا یہ سلسلہ 23 جون تک جاری رہے گا۔