Thursday, May 2, 2024

وفاقی بجٹ آج پیش ہو گا، بجٹ کا مجموعی حجم 9 ہزار 500 ارب ہونے کا امکان

وفاقی بجٹ آج پیش ہو گا، بجٹ کا مجموعی حجم 9 ہزار 500 ارب ہونے کا امکان
June 10, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - وفاقی بجٹ آج پیش ہو گا۔ نئے ٹیکسوں کی تیاری کر لیں۔ بجٹ کا مجموعی حجم 9 ہزار 500 ارب ہونے کا امکان ہے۔

10 جون مالی سال 2022-23 کا بجٹ پارلیمان میں پیش ہونے کا دن ہے۔ ماضی کی متحدہ اپوزیشن اور موجودہ مخلوط حکومت نے تقریباً ساڑھے 9 ہزار ارب روپے حجم کا مجوزہ بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے تیار کیا ہے۔ نئے مالی سال میں عوام کیلئے شرح مہنگائی کا تخمینہ 11.5 فیصد لگایا گیا ہے۔ ٹیکس ہدف 7 ہزار 255 ارب روپے اور نان ٹیکس ریونیو کا ٹارگٹ 1626 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔ 558 ارب تو صرف پیٹرولیم لیوی سے ہی حاصل کیے جائیں گے۔ ٹیکس بڑھانے کے حوالے سے چھوٹ ختم کرنے اور امیر طبقے کو خاص ہدف بنانے کی بھی تجویز ہے۔

نئے مجوزہ بجٹ میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر 800 ارب روپے خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔ 433 ارب روپے انفراسٹرکچر کی تعمیر اور 144 ارب روپے سماجی منصوبوں پر خرچ کرنے کی تجویز ہے ۔ قرضوں اور سود کی ادائیگی پر سب سے زیادہ 4 ہزار ارب روپے خرچ ہونگے جبکہ مالی خسارہ 4282 ارب روپے تک رہنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے ۔

نئے مالی سال میں دفاعی اخراجات 1586 ارب رہنے کا تخمینہ ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی ترقیاتی اسکیموں کیلئے 60 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔ بیرونی مالی ضروریات پوری کرنے کیلئے 41 ارب درکار ہونگے جبکہ کرنٹ اکاونٹ خسارہ 12 ارب ڈالر تک رہنے کا تخمینہ ہے۔