لاہور (92 نیوز) - واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب ہوئی، واہگہ بارڈر کی فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعروں سے گونج اُٹھی۔
یوم آزادی سے ایک روز قبل واہگہ بارڈرپرقومی پرچم اتارنے کی تقریب ہوئی۔ جوانوں نے پرجوش اورخون گرمادینے والی پریڈ کی۔ شرکا کا بھی جوش وجذبہ دیدنی تھا۔
پریڈ دیکھنے آئے شہری اللہ اکبر، پاکستان زندہ باد، جیوے جیوے پاکستان کے فلک شگاف نعرے لگاتے رہے۔
پنجاب رینجرز کے جوان سینا تانے دشمن کو للکارتے اور مونچھوں کو تاؤ دیتے ہوئے پریڈ کرتے تو دیکھنے والوں کا جوش عروج پر پہنچ جاتا اور فضا نعروں سے گونج اٹھتی۔
ننھے سپوتوں نے بھی سرحد پر شاندار پریڈ اور ارض پاک کے دفاع کا جذبہ دکھا کر شرکا کے دل جیت لیے۔
تقریب کے اختتام پر ڈھول کی تھاپ اور بھرپور نعروں میں دونوں جانب سے پرچم اتارے گئے۔