Sunday, December 3, 2023

نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کا زلزلہ‘ 2 افراد ہلاک‘ کئی زخمی

نیوزی لینڈ میں 7.8 شدت کا زلزلہ‘ 2 افراد ہلاک‘ کئی زخمی
November 14, 2016
کرائسٹ چرچ (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ خوفناک زلزلے سے لرز اٹھا۔ زلزلے نے کرائسٹ چرچ اور مضافاتی علاقوں کو ہلا کررکھ دیا۔ وزیراعظم جان کی نے زلزلے میں دو ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔ پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں اس وقت نیوزی لینڈ کے دورے پر ہیں۔ تمام پاکستانی کھلاڑی محفوظ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں آنے والے خوفناک زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ آٹھ ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے سے لوگ خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ زلزلے کا مرکز کرائسٹ چرچ سے نوے کلومیٹر پرتھا اور اس کی گہرائی گیارہ کلومیٹر تھی۔ زلزلے کے بعد نیوزی لینڈ کے ساحل سے سونامی بھی ٹکرایا جس پر شہریوں کی بڑی تعداد نے بلند مقامات کا رخ کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان کی مرد اور خواتین کرکٹ ٹیمیں ان دنوں دورہ نیوزی لینڈ پر ہیں۔ خواتین کی ٹیم کرائسٹ چرچ میں ہے۔ جب زلزلہ آیا تو تمام کھلاڑی ہوٹل سے باہر آ گئیں۔ کپتان ثنا میر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ تمام کھلاڑی اور عملہ خیریت سے ہیں جبکہ مردوں کی ٹیم نیلسن شہر میں تھی اور منیجر وسیم باری کے مطابق قومی ٹیم کے تمام کھلاڑی بالکل خیریت سے ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے وکٹ کیپر سرفراز احمد نے بھی کھلاڑیوں کی خیریت کی تصدیق کی ہے۔