Friday, April 26, 2024

اقوام متحدہ کے مبصر مشن کا لائن آف کنٹرول کا دورہ ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی

اقوام متحدہ کے مبصر مشن کا لائن آف کنٹرول کا دورہ ، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنرکی دفترخارجہ طلبی
November 1, 2016
اسلام آباد(92نیوز)بھارت کی جانب سے لائنٖ آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری کی خلاف ورزیاں جاری ہیں ، اقوام متحدہ کے مبصر مشن نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا ہے ۔  رواں برس بھارتی فائرنگ سے 19 شہری شہید، 80 زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر نے تفصیلات جاری کردیں۔ تفصیلات کےمطابق بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں رکنے کا نام ہی نہیں لے رہیں۔ تازہ ترین بزدلانہ کارروائی نکیال اور جندروٹ سیکٹرز میں کی گئی، جس میں بھارتی جارحیت سے چھ شہری شہید اور آٹھ شدید زخمی ہوگئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق  بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے مذکورہ واقعہ پر شدید احتجاج کیا گیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ  آج اقوام متحدہ کے مبصر مشن نے لائن آف کنٹرول پر کوٹلی کےنزدیک دورہ کیا۔ اقوام متحدہ کے مشن کو  لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں سے متعلق تازہ ترین تفصیلات دی گئیں۔ اعداد وشمار کے مطابق  بھارت نے رواں برس 178 مرتبہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی، بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کے باعث 19 شہری شہید اور 80 زخمی ہوئے۔   ترجمان کے مطابق لائن آف کنٹرول پر رواں برس 11 شہری شہید جبکہ 29 شدید زخمی ہوئے، ورکنگ باؤنڈری پر 8 شہری شہید جبکہ 51 شدید زخمی ہوئے، آئی ایس پی آر نے لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر زخمی ہونے والے شہریوں کی تصاویر  بھی جاری کردیں ہیں۔