Saturday, May 4, 2024

اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا : ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر حل کرنا ہو گا : ملیحہ لودھی
October 6, 2016
جنیوا (92نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات میں انہیں بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں سے آگاہ کیا۔ ملیحہ لودھی کہتی ہیں بھارت کشمیر میں مسلسل انسانی حقوق کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ کشمیر کا مسئلہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق حل کرنا ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران ملیحہ لودھی نے صدر جنرل اسمبلی کو بھارت کی اشتعال انگیز کارروائیوں کے متعلق تفصیلات کے بارے میں بتایا۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مندوب کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کرائی جائیں۔ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر خلاف ورزیاں کررہا ہے۔ جنرل اسمبلی کے صدر سے ملاقات میں ملیحہ لودھی کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت غیرسنجیدہ رویہ اپناتے ہوئے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے مسلسل انکار کررہا ہے جبکہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کو اقوام متحدہ میں وہ خود تسلیم کرچکا ہے اس لیے بھارت کو اقوام متحدہ میں اپنے کیے وعدوں کو پورا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا بھارتی کارروائیوں کے باعث خطے کے امن وسلامتی کو شدید خطرہ درپیش ہے۔ دونوں ملکوں اور خطے کے لیے بہتر ہے کہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔