Thursday, April 25, 2024

تیسرے ٹیسٹ کا دوسرا روز، آسٹریلیا 391 رنز پر ڈھیر، پاکستان کے ایک وکٹ پر 90 رنز

تیسرے ٹیسٹ کا دوسرا روز، آسٹریلیا 391 رنز پر ڈھیر، پاکستان کے ایک وکٹ پر 90 رنز
March 22, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - پاکستان کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پاکستان نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک ایک وکٹ کھو کر 90 رنز بنا لیے۔

لاہور ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی باؤلرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث آسٹریلیا کی ٹیم پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

کیمرون گرین اور ایلکس کیری نے نصف سنچریاں بناتے ہوئے 135 رنز کی شراکت داری بنائی۔ ایلکس کیری 67 رنز بنا کر نعمان علی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ کیمرون گرین 79 رنز پر نسیم شاہ کا شکار بنے۔

دونوں بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد کوئی بھی کینگرو کھلاڑی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹہر سکا، مچل اسٹارک 13، نیتھن لیون 4 اور مچل سوئپسن 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے چار، چار وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستان نے ایک وکٹ کے نقصان پر 90 رنز بنا لیے، پاکستان کی واحد وکٹ امام الحق کی گری جو 11 رنز بنا کر کمنز کی بال پر پویلین لوٹ گئے۔ عبداللہ شفیق 45 اور اظہر علی 30 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کو آسٹریلیا کا اسکور برابر کرنے کے لیے مزید301  رنز درکار ہیں۔