Monday, September 16, 2024

تیسرا ون ڈے، پاکستان کا افغانستان کیخلاف سیریز میں کلین سویپ

تیسرا ون ڈے، پاکستان کا افغانستان کیخلاف سیریز میں کلین سویپ
August 26, 2023 ویب ڈیسک

کولمبو (92 نیوز) ۔ پاکستان نے افغانستان کو ون ڈے سیریز میں کلین سویپ کر دیا۔ پاکستان ون ڈے کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر آ گیا۔

پاکستان نے افغانستان کو تیسرے ون ڈے میں 59 رنز سے شکست دے دی۔ افغانستان کی  ٹیم 269 رنز ہدف کے جواب میں 48.4 اوورز میں  209 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے مجیب الرحمن 64 رنز بناکر نمایاں رہے، رحمن اللہ گرباز 5، ریاض حسن 34، ابراہیم زدران اور گلبدین صفر، حشمت اللہ شاہدی 13، محمد نبی 3، راشد خان 13، فرید احمد 17 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ فضل حق فاروقی 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے 3، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف اور محمد نواز نے 2، 2 جبکہ آغا سلمان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں پر 268 رنز بنائے، پاکستانی اوپنرز جلد آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 27 جبکہ امام الحق 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے ایک بار پھر ٹیم کو سہارا دیا اور دونوں نے نصف سنچریاں سکور کیں، بالترتیب 60 اور 67 رنز بناکر رخصت ہوئے۔ آغا سلمان 38 اور محمد نواز 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔

افغانستان کی جانب سے گلبدین بنی اور فرید احمد نے 2،2 جبکہ فضل الحق فاروقی، مجیب الرحمان اور راشد خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔