Friday, May 3, 2024

ٹیسلا کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر ٹوئٹر کی خریداری کی قیمت ادا کرنے پر رضا مند

ٹیسلا کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر ٹوئٹر کی خریداری کی قیمت ادا کرنے پر رضا مند
October 5, 2022 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (92 نیوز) - ٹیسلا کے مالک ایلون مسک ایک بار پھر ٹوئٹر کی خریداری کی قیمت ادا کرنے پر رضا مند ہو گئے۔

ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کو معاہدے میں طے شدہ رقم 54.20 ڈالر فی شیئر کے حساب سے خریداری کی پیشکش کردی  گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے کورٹ  میں قانونی  جنگ سے گریز کرنے کیلئے مہینوں تک ٹوئٹر پر بوٹس، جعلی اکاؤنٹس، غلط بیانی جیسے الزامات لگانے کے بعد ایک بار پھر اصل طے شدہ قیمت پر ٹوئٹر کی خریداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان معاہدے کی بحالی کی خبر کے ساتھ ہی ٹوئٹر کے شیئرز کی قدر میں 23 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کی قانونی ٹیم کو عدالتی کارروائی دیکھنے کے بعد یہ اندازا ہو گیا تھا کہ مقدمے کی کارروائی ان کیلئے  درست سمت میں آگے نہیں بڑھ رہی۔ انہیں خدشہ تھا کہ ججز بوٹس اور جعلی اکاؤنٹ کی بات کو اہمیت نہیں دے رہے اس لیے امکان ہے کہ فیصلہ ان کے خلاف آئے گا اس لیے انہوں نے ایلون مسک کو معاہدہ بحال کرنے کا مشورہ دیا۔

یاد رہے کہ ٹوئٹر کے ساتھ 44 ارب ڈالر کے عوض ٹوئٹر خریداری معاہدہ کرنے کے بعد ایلون مسک خریداری معاہدے سے پیچھے ہٹ گئے تھے، جس کے بعد ٹوئٹر نے معاہدے سے پیچھے ہٹنے پر ایلون مسک کے خلاف قانونی جنگ کا آغاز کیا تھا۔