Saturday, July 27, 2024

تین امریکی ماہرین معیشت نوبل انعام کے حقدار قرار

تین امریکی ماہرین معیشت نوبل انعام کے حقدار قرار
October 11, 2022 ویب ڈیسک

سٹاک ہومز (92 نیوز) - سال 2022 کا نوبل انعام برائے معاشیات امریکا کے 3 ماہرین کو دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رائل سوئیڈش اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق بین ایس برنانکے، ڈگلس ڈبلیو ڈائمنڈ اور فلپ ایچ ڈیبوگ کو معاشیات کا نوبیل انعام دیا جائے گا۔

نوبل انعام برائے معاشیات مالی بحرانوں پر کام کرنے والے 3 امریکی ماہرین معیشت نے اپنے نام کر لیا۔ تینوں ماہرین کو یہ انعام بینکوں کے کردار اور مالیاتی بحرانوں پر کی جانے والی تحقیق پر دیا گیا ہے۔ یہ معاشیات کے شعبے میں دیئے جانے والا 54 واں نوبل انعام ہے اور تینوں ماہرین کے درمیان ایک کروڑ سوئیڈش کرونا کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔

عالمی کساد بازاری کے خطرے میں اضافے کے حالیہ انتباہی بیانات کے بعد ان تینوں ماہرین کو یہ نوبل انعام دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ ان تین معیشت دانوں نے 1980ء کی دہائی میں بینکوں اور مالیاتی بحرانوں پر تحقیق کا آغاز کیا تھا اور ایسے ماڈل تیار کیے جن سے یہ وضاحت ہوتی ہے کہ بینکوں کا قیام کیوں عمل میں آیا، معاشرے میں ان کا کردار کیا ہے اور انہیں بحران سے بچانے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔