Wednesday, April 24, 2024

ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ میں 4 افراد کو یرغمال بنانیوالا شخص ہلاک

ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ میں 4 افراد کو یرغمال بنانیوالا شخص ہلاک
January 16, 2022 ویب ڈیسک

ٹیکساس (92 نیوز) امریکی ریاست ٹیکساس میں یہودی عبادت گاہ میں چار افراد کو یرغمال بنانے والا شخص ہلاک ہوگیا جبکہ راہب سمیت چاروں افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔

کانگریگیشن بیتھ اسرائیل نامی عبادت گاہ میں جب یہ واقعہ پیش آیا تو وہاں ہونے والی عبادت کو لائیو سٹریم کیا جا رہا تھا۔ جہاں اچانک ایک شخص کی اونچی آواز سنائی دی، کہ اس کے پاس بم ہے لیکن وہ کسی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتا۔ اس کے بعد لائیو اسٹریم بند ہو گئی۔

کولیویل کی پولیس نے کچھ دیر بعد اعلامیے میں بتایا کہ عبادت گاہ میں لوگوں کو یرغمال بنایا گیا، جس میں ایک شخص کو طبی بنیادں پر فوری رہائی ملی جبکہ ایف بی آئی کے اہلکار ملزم سے مذاکرات کر رہے ہیں۔

چند گھنٹے بعد ٹیکساس کے گورنر نے تصدیق کی کہ تمام یرغمال افراد کو باحفاظت نکال لیا گیا ہے، امریکی میڈیا کے مطابق عبادت گاہ میں راہب سمیت چار افراد کو یرغمال بنایا گیا تھا۔ حملہ آور امریکا میں قید پاکستانی خاتون عافیہ صدیقی کی رہائی کا مطالبہ کر رہا تھا جو اس وقت امریکا میں 86 برس کی قید کاٹ رہی ہیں۔

ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو ایک امریکی عدالت نے افغانستان میں امریکی فوج اور حکومت کے اہلکاروں پر مبینہ طور پر قاتلانہ حملے اور قتل کی کوشش کرنے کے سات الزامات میں مجرم قرار دیا تھا اور انہیں 86 سال قید کی سزا سنائی تھی۔