Saturday, April 27, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، نمیبیا کی افتتاحی میچ میں سری لنکا کو اپ سیٹ شکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ، نمیبیا کی افتتاحی میچ میں سری لنکا کو اپ سیٹ شکست
October 16, 2022 ویب ڈیسک

گیلونگ (92 نیوز) - آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نمیبیا نے سری لنکا کو اپ سیٹ شکست دیدی۔ میگا ایونٹ کے پہلے مقابلے میں نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے دھول چٹادی۔

گیلونگ میں کھیلے گئے میچ میں سری سری لنکا نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو سودمند ثابت نہ ہوا، نمیبیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 7 وکٹوں پر 163 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔

جان فرائیلنک نے 44 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم ٹوٹل تک پہنچایا، سٹیفن بارڈ 26، جان نکول لوفٹی ایٹن اور کپتان گیرہارڈ ایراسمس 20، 20 رنز بناکرنمایاں بلے باز رہے۔

سری لنکا کی جانب سے پرمود مدوشن لیاناگاماگے نے 2، مہیش تھیکشنا، دشمنتھا چمیرا، چمیکا کرونارتنے اور وینندو ہسرنگا ڈی سلوا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن شروع میں لڑ کھڑا گئی، محض 40 کے سکور پر 4 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے اور پوری ٹیم 19 اوررز میں 108 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

کپتان داسن شاناکا 29 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، بھانوکا راجا پاکسے 20 اور دھننجایا ڈی سلوا 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ سری لنکن ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکے۔