Saturday, May 4, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، اسکاٹ لینڈ کی ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست، بھارت کی آسٹریلیا کو مات

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، اسکاٹ لینڈ کی ویسٹ انڈیز کو اپ سیٹ شکست، بھارت کی آسٹریلیا کو مات
October 17, 2022 ویب ڈیسک

ہوبارٹ/ برسبین (92 نیوز) – ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرا اپ سیٹ ہوگیا، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔ ادھر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں وارم اپ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 رنز سے ہرادیا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں دوسرا اپ سیٹ، اسکاٹ لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 42 رنز سے شکست دے دی۔ اسکاٹش بیٹرجارج مُنسے کی عمدہ 66 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگ پر پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔

اسکاٹش پلئیرز نے ویسٹ انڈینز کی ایک نا چلنے دی، 42 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔

ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، اسکاٹش ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 160 رنز جوڑے، اسکاٹش بیٹر جارج مُنسے نے 66 رنز ناٹ آوٹ کی شاندار اننگ کھیلی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر اور جوزف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 18 اوورز میں 118 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی،6 کھلاڑی ڈبل فگر میں ہی داخل نا ہو سکے ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر 38 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہے، اسکاٹش پلئی رمارک واٹ نے 3 جبکہ براڈ اور مائیکل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسکاٹش بیٹرجارج مُنسے کو عمدہ 66 رنز ناٹ آوٹ اننگ کھیلنے پر پلئیر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

ورلڈ کپ کوالیفائنگ راونڈ کے اب تک ہونے والے 3 میچز میں سے 2 میں اپ سیٹ ہو چکے ہیں، گزشتہ روز نمیبیا نے سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے کر ورلڈکپ کا پہلا بڑا اپ سیٹ کیا تھا۔

ادھر دوسری جانب آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے وارم اپ میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 6 رنز سے شکست دیدی۔

برسبین میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوررز میں 7 وکٹوں پر 186 رنز کا مجموعہ تشکیل دیا۔

بھارتی اوپنر کنور لوکیش راہل اور سوریا کمار یادیو نے نصف سنچریاں سکور کیں، دونوں نے بالترتیب 57 اور 50 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان روہیت شرما اور ویرات کوہلی بڑا سکور کرنے میں ناکام رہے، دونوں نے بالترتیب 15 اور 19 رنز بنائے، دنیش کارتک نے 20 رنز سکور کیے۔

آسٹریلیا کی جانب سے کین رچرڈسن نے 4 اووزر میں 30 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا، میچل اسٹاک، گلین میکسویل اور ایشٹن ایگر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 20 اوورز میں 180 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اوپننگ بلے باز کپتان ایرون فینچ نے 54 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 76 رنز کی اننگز تراشی، اوپنر میچل مارش 35 اور گلین میکسویل 23 اور سٹیون سمتھ 11 رنز بناکر نمایاں رہے۔ آسٹریلوی ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فگر بھی عبور نہ کرسکے۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے ایک اوور میں 3 آسٹریلوی بلے بازوں کو آؤٹ کیا، بھونیشور کمار نے 2، ارشدیپ سنگھ اور یوزویندر سنگھ چاہل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔