سڈنی (92 نیوز) – پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کو 33رنز سے ہرا دیا، بارش کے باعث جنوبی افریقہ کو 14 اوور میں 142 رنز کا ہدف ملا تھا لیکن وہ 9 وکٹ پر 108 رنز ہی بنا سکی۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ بی کے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کیخلاف فتح اپنے نام کرلی۔
سڈنی گراؤنڈ میں بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس میں اوپننگ جوڑی ایک بار پھر ناکام رہی، محمد رضوان صرف 4 جبکہ بابر اعظم صرف 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے محمد حارث نے 11 گیندوں پر 28 رنز بنائے، شان مسعود 2 اور محمد نواز 28 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
شاداب خان نے 22 گیندوں پر 52 رنز بنائے، افتخار احمد نے بھی 51 رنز کی اننگ کھیلی، 20 اوور کے اختتام پر پاکستان نے 9 وکٹ پر 185 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ کی ٹیم 186 کے ہدف کے تعاقب میں شروع سے ہی دباؤ میں رہی، شاہین شاہ آفریدی اور شاداب خان نے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
9 اوور میں جب جنوبی افریقہ کا اسکور 69 تھا تو بارش نے میچ روک دیا، بعد میں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جنوبی افریقہ کو 14 اوور میں 142 رنز کا ہدف ملا، لیکن وہ 9 وکٹ پر صرف 108 رنز بنا سکی۔
شاہین شاہ آفریدی نے 3 اور شاداب خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، ایک، ایک وکٹ نسیم شاہ، حارث رؤف اور وسیم جونیئر کے حصہ میں آئی۔
شاداب خان کو شاندار بیٹنگ اور باؤلنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، گروپ ٹو میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے 4، 4 پوائنٹس ہیں تاہم پاکستان بہتر رن ریٹ کے باعث تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔