Wednesday, May 1, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیدر لینڈز نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیدر لینڈز نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی
November 2, 2022 ویب ڈیسک

ایڈیلیڈ (92 نیوز) - ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں نیدر لینڈز نے زمبابوے کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ایڈیلیڈ میں نیدرلینڈز نے  زمبابوے کے بیٹرز اور بولرز  دونوں کی ایک نا چلنے دی   اور انہیں چاروں شانے چت کر دیا۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو  میچ کے آغاز سے ہی اس کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرنے لگیں ۔ 100 رنز پر  8 وکٹیں گنوانے کے بعد زمبابوے  کی پوری ٹیم  آخری اوور میں ایک سو سترہ رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔

سکندر رضا چالیس جبکہ سئین ولیمزاٹھائیس رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے۔ زمبابوے کے  آٹھ بیٹرز دہرے ہندسے میں ہی داخل نا ہو سکے۔ نیدر لینڈ کی جانب سے میکیرن  نے  3 جبکہ برینڈن گلووور ، بیس ڈی لیڈزاوربییک نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں نیدر لینڈز نے مقررہ ہدف  پانچ وکٹوں کے نقصان پر اٹھارہ اوورز میں پورا کر لیا۔  میکس او ڈووڈ نے باون رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ ٹام کووپر بتیس رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ زمبابوے کی جانب سے نگاراوا اور مووذربانی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں ۔ باون رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے  پر میکس  او ڈووڈ پلئیر آف دی میچ قرار پائے ۔

کم پوائنٹس کے باعث نیدرلینڈز ورلڈ کپ ٹورنامنٹ سے آوٹ ہوگیا ہے ۔ نیدرلینڈز اپنا آخری میچ جنوبی افریقہ کے خلاف اتوار کو کھیلے گا۔