ایڈیلیڈ (92 نیوز) – ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ، نیدر لینڈز نے پروٹیز کو 13 رنز سے شکست دے کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔ پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہیں ہموارہوگئیں۔ بنگلہ دیش کو شکست دے کر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
نیدر لینڈز کی ٹیم نے ورلڈ کپ کا بڑا اپ سیٹ کر دیا، جنوبی افریقہ کی ٹیم کو شکست دے کر واپسی کا ٹکٹ تھما دیا۔
ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں جنوبی افریقہ نےٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو بیٹنگ کی دعوت دی،نیدرلینڈز کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
اسٹیفن مائیبرگ نے 37، ٹام کوپر نے 35 اور میکس او ڈاؤڈ نے 29 رنز کی اننگز کھیلیں۔ کولن ایکرمین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 گیندوں پر 41 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
جواب میں جنوبی افریقہ مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنا سکی۔ برئنڈن گلوورز نے 3 جبکہ بیس ڈی لیڈ اور کلاسان نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، ایکریمین 41 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلنے پر پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔
اس کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ کا ورلڈکپ کا سفر مکمل ہو گیا۔ سپر 12 مرحلے کا آخری میچ بھارت اور زمبابوے کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن 1 بجے شروع ہوگا۔