Thursday, April 25, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کیلئے شاہینوں کی جم کر پریکٹس، رمیز راجہ بھی میلبرن میں ٹیم کیساتھ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل کیلئے شاہینوں کی جم کر پریکٹس، رمیز راجہ بھی میلبرن میں ٹیم کیساتھ
November 11, 2022 ویب ڈیسک

میلبرن (92 نیوز) - ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں صرف ایک دن باقی ہے، جس کیلئے شاہینوں نے بھرپور نیٹ پریکٹس کی۔ دوسری طرف چیئرمین پی سی بی بھی فائنل دیکھنے میلبرن پہنچ گئے ہیں، رمیز راجہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور 1992ء کے ورلڈ کپ کی یادیں بھی تازہ کیں۔

کرکٹ کی دنیا کا بڑا مقابلہ اتوار کو ہوگا، ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں صرف ایک دن باقی ہے، شاہین ورلڈ کپ کی ٹرافی تھامنے کو بےتاب ہیں، ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کیلئے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بھی میلبورن پہنچ گئے۔

پاکستانی ٹیم کی فائنل میں انگلش ٹیم کو پچھاڑنے کیلئے بھرپور تیاریاں جاری ہیں، ٹیم نے روایتی انداز میں میلبرن کے گراؤنڈ میں پاکستانی جھنڈا گاڑ کر بیٹنگ اور باؤلنگ کوچ کی زیر نگرانی بھر پور پریکٹس سیشن کیا۔

پریکٹس کے دوران کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاہین شاہ آفریدی کو باؤلنگ بھی کرائی، رمیز راجہ نے بھی پریکٹس سیشن دیکھا۔

میڈیا سے گفتگو میں رمیز راجہ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کی مشکل کنڈیشنز میں قومی ٹیم کا فائنل میں پہنچنا بڑی بات ہے، بھارت کے ساتھ فائنل ہوتا تو بڑا مقابلہ ہونا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم 92 کے فائنل سے قبل تھوڑا خوفزدہ تھے لیکن یہ لڑکے دلیر ہیں دباؤ نہیں لے رہے۔

چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔

رمیز راجہ کا کہنا تھا ٹیم کو ورلڈ کپ میں ناقابل یقین واپسی پر فخر ہونا چاہئے، جب ٹیم متحد ہو کر کھیلتی ہے تو کارکردگی سامنے آتی ہے، فائنل میں بھی سب کھلاڑی اپنا 100 فیصد دیں۔