Sunday, September 8, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل، انگلینڈ کا طاقتور ہتھیار بیٹنگ، پاکستان کے پاس بہترین پیسنگ اٹیک

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل، انگلینڈ کا طاقتور ہتھیار بیٹنگ، پاکستان کے پاس بہترین پیسنگ اٹیک
November 13, 2022 ویب ڈیسک

میلبرن (92 نیوز) - پاکستان اور انگلینڈ کے میچ ونر کھلاڑیوں کیلئے آج بڑے امتحان کا دن ہے، دونوں ٹیموں کے کون کون سے کھلاڑی مخالف ٹیم کیلئے بڑا خطرہ ثابت ہوسکتے ہیں تھوڑا جائزہ لیتے ہیں۔

انگلینڈ کے پاس بیٹنگ کا طاقتور ہتھیار ہے تو پاکستان کے پاس بھی بہترین پیسنگ اٹیک ہے۔ شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد وسیم کی شکل میں تباہ کن باؤلنگ قومی ٹیم کی بڑی طاقت ہے۔

انگلش اوپنر ایلکس ہیلز اپنی بھرپور فارم میں ہیں۔ بھارت کیخلاف ان کا بلا خوب چلا تھا۔ ہیلز نے سینتالیس گیندوں پر چھیاسی رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی اور وہ ٹورنامنٹ میں دو سو گیارہ رنز بنا چکے ہیں جبکہ انگلشن کپتان جوز بٹلر بھی بھارت کیخلاف انچاس گیندوں پر اسی رنز بنا کر خطرے کی گھنٹی بجا چکے ہیں۔

اگر انگلینڈ بیٹنگ میں تگڑا ہے تو پاکستان کی باؤلنگ بھاری ہے، گرین شرٹس کے بائیں ہاتھ کے پیسر شاہین شاہ آفریدی کے پاس نئی گیند سے وکٹیں لینے کی غیر معمولی صلاحیت ہے اور وہ ورلڈ کپ میں دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ فائنل میچ مین بھی شاہین آفریدی ایلکس ہیلز اور جوز بٹلر کی وکٹیں اڑا کر پاکستان کو فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔

بیٹنگ میں بھی پاکستان کسی سے کم نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ پاکستانی شائقین نے بیٹنگ میں اوپنرز بابر اعظم اور محمد رضوان سے امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں اور دونوں بیٹرزنیوزی لینڈ کیخلاف سیمی فائنل میں نصف سنچریاں اسکور کر کے اپنی فارم بحال کر چکے ہیں۔

محمد حارث نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی کارکردگی سے سب کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ تین اننگز میں ایک سو اکسٹھ اعشاریہ آٹھ کے اسٹرائیک ریٹ سے نواسی رنز بنا چکے ہیں، محمد حارث تیسرے نمبر پر اپنی مہارت سے انگلش باؤلرز پر دباؤ بڑھا سکتے ہیں۔

شاداب خان نے سپر 12 مرحلے میں پاکستانی ٹیم میں اہم کردار ادا کیا، ان کی باولنگ جہاں مخالف ٹیم کے بلے بازوں کو حیران کرتی ہے وہیں ان کا بلا بھی رنز اگلتا ہے۔ وہ اب تک چھ میچوں میں دس وکٹیں حاصل کر چکے ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کیخلاف بیس گیندوں پر نصف سنچری بھی بنا چکے ہیں۔

انگلش ٹیم کے باؤلرز میں سے سیم کرن میگا ایونٹ میں دس کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں جبکہ کرس جورڈن ،لیام لیونگ اسٹون، کرس ووکس اور اسپنر عادل رشید بھی اپنی ٹیم کو اہم کامیابیاں دلوانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔