ایڈیلیڈ (92 نیوز) – ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ گروپ بی کے اہم میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
پاکستان نے 128 رنز کا مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 5 وکٹوں پر حاصل کرلیا، اوپنر محمد رضوان 32 اور محمد حارث 31 رنز بناکرٹاپ سکورر رہے۔ کپتان بابر اعظم 25، محمد نواز 4، افتخار احمد ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود 24 اور نائب کپتان شاداب خان صفر پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے نسیم احمد، شکیب الحسن، مستفیض الرحمٰن اور عبادت حُسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیدیا، بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے، نجم الحسن نے 54 رنز کی اننگز کھیلی، سومیا سرکار 20، لٹن داس ایک رن بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان 2، افتخار احمد، حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔