Thursday, April 18, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، انگلینڈ نے سری لنکا کو شکست دیکر سیمی فائنل میں جگہ بنالی
November 5, 2022 ویب ڈیسک

سڈنی (92 نیوز) - ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں گروپ ون کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ انگلینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل بھی کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

سری لنکا نے مقررہ 20 اوورز میں 141 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، اوپنر پتھم نسانکا 45 گیندوں پر 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 67 رنز بناکر ٹاپ سکورر رہے، بھانوکا راجا پاکسے 22 اور کوشال مینڈس 18 رنز بناکر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے مارک ووڈ نے 3، بین سٹوکس، کرس ووکیز، سام کورن اور عادل رشید نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں، انگلینڈ کی ٹیم نے مقررہ ہدف 19.4 اوورز میں 6 وکٹوں پر 144 رنز بناکر حاصل کیا، ایلکس ہیلز نے 47 رنز کی اننگ تراشی، بین سٹوکس نے 42 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ اوپنر جوش بٹلر 28 رنز بنا سکے۔

سری لنکا کی جانب سے لاہیرو کمارا، وینندو ہسرنگا ڈی سلوا اور دھننجایا ڈی سلوا نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر عادل رشید کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔

دفاعی چیمپئن ومیزبان آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر ہو گیا، گروپ ون کے پوائنٹس ٹیبل پر نیوزی لینڈ، انگلینڈ اور آسٹریلیا کے 7،7  پوائنٹس ہیں۔ بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ اور انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔