لاہور (92 نیوز) - ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی چیمپئن کون ہوگا؟ سبھی نے 13 نومبر پر نظریں جما لیں۔ اتوار کے روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں فائنل معرکہ ہوگا۔
چھوٹے فارمیٹ کا بڑا مقابلہ ہوگا، دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ گراؤنڈ میں دو سابق چیمپئن مدمقابل ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے پاس گیم چینجر کھلاڑی موجود ہیں۔ بابر اعظم، محمد رضوان، محمد حارث، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں تو انگلینڈ کو جوز بٹلر، ایلکس ہیلز، ہیری بروک، معین علی، کرس جورڈن اور مارک ووڈ پر مان ہے۔
میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا، کرکٹ پنڈت اور شائقین گرین شرٹس کی اب تک کی کارکردگی کا 92 والی ٹیم سے موازنہ کررہے ہیں کیونکہ 92 کے ورلڈ کپ میں بھی پاکستانی ٹیم نے آخری لمحے میں سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو ہرا کر انگلینڈ کے ساتھ فائنل کھیلا تھا۔ کچھ شائقین تو اِس کو بانوے کا ایکشن ری پلے ہی قرار دے رہے ہیں۔
اعداد وشمار کی بات کریں تو اب تک کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کا دو بار آمنا سامنا ہوا اور انگلینڈ کو برتری حاصل ہے۔ انگلش ٹیم نے دونوں بار پاکستان کو شکست دی جبکہ کرکٹ ماہرین اس بار دونوں ٹیموں کو مضبوط قرار دے رہے ہیں۔ گرین شرٹس نے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی جبکہ انگلینڈ بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں پہنچا۔
ادھر آسٹریلوی محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز میلبرن میں بارش ہونے کے قوی امکانات ظاہر کیے ہیں جس سے میچ متاثر ہوسکتا ہے۔ بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں میچ پیر کے روز کھیلا جائے گا۔