ایڈیلیڈ (92 نیوز) انگلینڈ بھارت کو 10وکٹ سے عبرتناک شکست دے کر ٹی 20ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچ گیا، ورلڈ کپ کا فائنل اتوار کو پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے بھارتی سورماؤں کی ایسی درگت بنائی کہ پورا بھارت اپنی ٹیم کی خراب کارکردگی چیخ اٹھا،کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے میں بھارتی ٹیم کلب لیول سے زیادہ صلاحیت کا مظاہرہ نہ کرسکی۔
انگلینڈ نے ٹاس جیت کربھارت کو بلے بازی کی دعوت دی تو انڈین بلے بازوں نے محتاط انداز سے اننگزشروع کی، ہاردک پانڈیا اورویرات کوہلی کی اچھی بیٹنگ کی بدولت 6 وکٹوں پر 168 رنز بنائے۔
ہاردک پانڈٰیا نے 33 گیندوں پر 63 رنز کی اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، ہاردک پانڈیا اننگز کی آخری گیند پر ہٹ وکٹ آؤٹ ہوئے، ویرات کوہلی نے 40 گیندوں پر 50 رنز بنائے ان کی اننگز میں ایک چھکا اور 4 چوکے شامل تھے، ان کی میگا ایونٹ میں یہ چوتھی نصف سنچری تھی، ویرات کوہلی کرس جورڈن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، بھارتی کپتان روہت شرما 27،سوریاکمار یادیو14،ریشبھ پنت 6 اور کے ایل راہول 5 رنز بنا کر آؤٹ
ہوئے، انگلینڈ کے کرس جورڈن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عادل رشید اور کرس ووکس ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
انگلینڈ کے اوپنرز نے اننگز کے آغازسے لے کر میچ جیتنے تک بھارتی باؤلرز کی جم کر پٹائی کی، دونوں انگلش اوپنرز نے 96 گیندوں پر ریکارڈ 170 رنز کی ریکارڈ شاندار شراکت داری قائم کی اور دونوں ناقابل شکست رہے، انگلش بیٹر ایلکس ہیلز نے 47 گیندوں پر 86 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 7 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے، انگلش کپتان جوز بٹلر نے بھی 49 گیندوں پر 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 9 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔
انگلش ٹیم نے بھارتی باؤلر ز کا بھرکس نکال دیا، کوئی بھی بھارتی باؤلر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا، بھارت کے اکشر پٹیل کو 4 اوورز میں 30، محمد شامی کو 3 اوورز میں 39 اور ہاردک پانڈیا کو 34 رنز پڑے، ایشون کو 2 اوورز میں 27 ،بھونیشور کمار کو 25 اور ارشدیپ سنگھ کو 15 رنز پڑے۔
انگلینڈ کے ایلکس ہیلز کو 86 رنز کی شاندار اننگز پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، ورلڈ کپ کا فائنل 13 نومبر کو میلبورن میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔