Tuesday, November 29, 2022

کراچی اور کوئٹہ میں کانگو وائرس کے دو مریض دم توڑ گئے

کراچی اور کوئٹہ میں کانگو وائرس کے دو مریض دم توڑ گئے
کراچی / کوئٹہ (92نیوز) مویشیوں کے جسم پر موجود چیچڑ کے کاٹنے سے مزید دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ کانگو وائرس میں مبتلا ہونے والے یہ افراد کوئٹہ اور کراچی کے اسپتالوں میں زیرعلاج تھے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں زیر علاج کانگو کا ایک اور مریض انتقال کر گیا۔ بلدیہ ٹاون کراچی کا رہائشی 36 سال کا یونس جناح اسپتال میں زیر علاج تھا لیکن دعا کام آسکی نہ دوا اور وہ موت کے آغوش میں چلا گیا۔ شہر قائد میں ا س سال کانگو وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد نو ہو گئی۔ ادھر بلوچستان میں کانگو وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ کوئٹہ میں ایک اور شخص کانگو وائرس کے باعث دم توڑ گیا۔ موسیٰ خیل کا رہائشی کالو جان فاطمہ جناح اسپتا ل میں زیر علاج تھا۔ اس سال صوبے میں کانگو سے مرنے والے افراد کی تعداد چوبیس ہو گئی۔ دوسری طرف اسپتال کی صورتحال یہ ہے کہ وبائی امراض کے وارڈ میں صرف دس بیڈز ہیں جبکہ کانگو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد کہیں زیادہ ہے جس کی وجہ سے مریضوں اور ان کے لواحقین کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔