Thursday, March 28, 2024

لائن آف کنٹرول پر انڈیا کی فائرنگ سے دو پاکستانی جوان شہید

لائن آف کنٹرول پر انڈیا کی فائرنگ سے دو پاکستانی جوان شہید
September 29, 2016
میرپور (92نیوز) بھارتی فورسز نے ایک بار پھر جارحیت کی ہے اور میرپور آزادکشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کر دی۔ بھارتی فورسز کی گولہ باری سے دو پاکستانی فوجی جوان شہید ہو گئے جبکہ چھ شہری بھی زخمی ہوئے۔ رات ڈھائی بجے شروع ہونےوالی فائرنگ صبح آٹھ بجے تک جاری رہی۔ تفصیلات کے مطابق بھارت اپنی جارحانہ کارروائیوں سے باز نہیں آ رہا۔ ایک طرف پاکستان پرالزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے تو دوسری طرف کی لائن آف کنڑول پر ایک بارپھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔ میرپور آزادکشمیر کے چار سرحدی علاقوں میں مارٹر گولے بھی فائر کئے گئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے گزشتہ رات تقریبا ڈھائی بجے آزادکشمیر کے بھمبر‘ کیل اور لیپہ سیکٹر میں اچانک فائرنگ شروع کر دی۔ مارٹر گولے بھی فائر کیے گئے جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دو جوان شہید ہو گئے۔ دوسری طرف بھارتی فورسز کی فائرنگ سے قریبی آبادیوں میں بسنے والے عام شہری بھی نشانہ بنے اور چھ افراد زخمی ہوئے۔ بھارت کی جانب سے ڈھائی بجے شروع ہونے والی فائرنگ صبح آٹھ بجے تک جاری رہی جبکہ پاک فوج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور جوابی فائرنگ سے دشمن کی گنیں خاموش کرا دیں۔ بھارت کی جانب سے لائن آف کنڑول کی خلاف وزری پر بھمبر، کیل اور لیپہ سیکٹر کی آبادیوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔