Friday, April 19, 2024

ایم کیو ایم لندن کے تین رہنما حراست میں لے لئے گئے

ایم کیو ایم لندن کے تین رہنما حراست میں لے لئے گئے
October 22, 2016
کراچی(92نیوز)کراچی میں ایم کیوایم لندن کے ساتھ ایڈونچر ہوگیا رینجرز نے پریس کلب کےباہر سے تین  رہنماؤں کو حراست میں لےلیا، جبکہ  پریس کانفرنس حسرت  ہی رہ گئی۔ تفصیلات کےمطابق کراچی پریس کلب میں ایک اور ایڈونچر ایم کیوایم لندن کی پریس کانفرنس سےقبل سب کچھ بدل گیا۔ رینجرز آئی اور حسن ظفر کو حراست میں لےکر ساتھ لے گئی ساتھی کی گرفتاری دیکھ کر امجد اللہ خان پریس کلب میں چھپ گئےلیکن رینجرز بھی ڈٹ گئی،امجد اللہ خان اور رینجرز کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل چار گھنٹوں تک جاری رہا لیکن بکرے کی ماں کب تک خیر مناتی، بالآخر امجد اللہ خان کو باہر آنا پڑا۔۔ امجد اللہ خان باہر آئےتو پریس کلب کے مرکزی دروازے پر موجود کئی گھنٹوں سے منتظر سادہ لباس رینجرز اہلکاروں نے انہیں دبوچ لیا اور حراست میں لےکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔ ایم کیوایم لندن کی رہنما ثروت اسرار کا کہنا تھا کہ پریس کانفرنس میں کئی اہم افراد شمولیت کا اعلان کرنا چاہتے تھے،رہنماوں کی حراست کےبعد پریس کانفرنس ملتوی کرنا پڑی۔ دوسری طرف ایم کیو ایم لندن کے سینئر رہنما ظفر راجپوت کوبھی رینجرز نے گرفتار کر لیا ہے ۔ ترجمان ایم کیو ایم لندن کے مطابق ظفرراجپوت ایم کیوایم لندن کی 12رکنی حیدرآبادکمیٹی کےرکن تھےجبکہ دوسری طرف حیدرآبادکمیٹی کےباقی 11ارکان روپوش ہیں۔