Friday, April 26, 2024

ترک صدر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ آج پاکستان پہنچ رہے ہیں

ترک صدر اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ آج پاکستان پہنچ رہے ہیں
November 16, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ترک صدر رجب طیب اردگان آج دو روزہ دورہ پر پاکستان آ رہے ہیں۔ طیب اردگان کا بحیثیت صدر پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ترک صدر کو دورے کی دعوت صدر ممنون حسین نے دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ترک صدر طیب اردگان آج (16 نومبر کو) دوروزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ بحیثیت صدر یہ ان کا پہلا دورہ پاکستان ہو گا۔ دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترک صدر طیب اردگان اس سے قبل مختلف مواقع پر بھی پاکستان آ چکے ہیں۔ ترکی کے صدر کے ہمراہ اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آئے گا۔ ترک وفد میں وزرائ‘ اعلیٰ حکام اور تاجر شامل ہیں۔ دورے کے دوران طیب اردگان صدر اور وزیراعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔ ترک صدر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ صدر ممنون حسین‘ ترک صدر طیب اردگان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔ طیب اردگان اپنے دو روزہ دورے کے دوران لاہور بھی جائیں گے جہاں وزیر اعظم نوازشریف ترک صدر طیب اردگان کے اعزاز میں شاہی قلعے میں ظہرانہ دیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ترک صدر کی آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات متوقع ہے۔