Friday, April 26, 2024

ہلیری کی پالیسیوں سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے : ٹرمپ

ہلیری کی پالیسیوں سے تیسری عالمی جنگ چھڑ سکتی ہے : ٹرمپ
October 26, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ہلیری کلنٹن کی شام کے بارے میں پالیسی تیسری عالمی جنگ کی طرف لے جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایٹمی طاقت سے لیس روسی افواج کے ساتھ مخاصمت امریکہ کو جنگ کی جانب دھکیل سکتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی میڈیا سے خارجہ پالیسی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ شام کے صدر بشارالاسد کو حکومت سے ہٹانے سے زیادہ اہم داعش کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہلیری کلنٹن روسی صدر کے خلاف لعن طعن کرنے کے بعد ان سے کس طرح مذاکرات کریں گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صدر اوباما فلپائنی صدر سے تعلقات رکھ کر امریکہ کا وقار تباہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ان کی پارٹی متحد رہی تو وہ ہلیری کلنٹن کو شکست دے دیں گے۔ شام میں جاری جنگ پر بات چیت کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہلیری کلنٹن مسئلے کو سلجھانے کی بجائے اپنی خراب پالیسی کے باعث جنگ کا راستہ اختیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنی توجہ داعش پر رکھنی چاہیے، شام پر نہیں۔ اس طرح امریکہ تیسری عالمی جنگ کی طرف چلا جائے گا جو کہ دنیا بھر کے لیے خطرناک ہوگا۔