ڈونلڈ ٹرمپ نے 30لاکھ مہاجرین کو ملک بدر کرنے کا اعلان کر دیا

نیویارک (ویب ڈیسک) لاکھوں تارکین وطن ٹرمپ کے نشانے پر۔ نومنتخب امریکی صدر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر تیس لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کریں گے۔ ٹرمپ نے میکسیکو کی سرحد کے ساتھ دیوار کی تعمیر کا عزم بھی دہرایا لیکن اس معاملے پر ان کے موقف میں کچھ نرمی آئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غیرقانونی تارکین وطن کے خلاف حرکت میں آگئے۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ملک میں بیس سے تیس لاکھ تارکین وطن ایسے ہیں جو جرائم میں ملوث ہیں وہ ان غیرقانونی تارکین وطن کو ملک بدر کریں گے یا پھر انھیں جیلوں میں ڈال دیں گے۔
نومنتخب امریکی صدر نے اپنے ایک اور انتخابی وعدے کو دہرایا کہ وہ میکسیکو کے ساتھ سرحد پر دیوار تعمیر کرائیں گے لیکن اس معاملے میں انہوں نے کچھ نرمی دکھائی اور کہا کہ امریکہ اور میکسیکو کی سرحد پر بعض حصوں میں باڑ بھی لگائی جا سکتی ہے۔ ایک بار سرحد کو محفوظ بنا دیا جائے تو دیگر غیر رجسٹرڈ تارکین وطن کا جائزہ لیا جائے گا۔
امریکہ میں اس وقت تقریباً ایک کروڑ دس لاکھ غیر رجسٹرڈ تارکین وطن موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر میکسیکو سے آئے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ اگلے سال بیس جنوری کو امریکی صدر کا عہدہ سنبھالیں گے۔