Thursday, April 25, 2024

ترقی یافتہ پاکستان کیلئے قانون کی حکمرانی ہی حل ہے، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال

ترقی یافتہ پاکستان کیلئے قانون کی حکمرانی ہی حل ہے، چیف جسٹس عمر عطاء بندیال
September 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطاء بندیال کہتے ہیں کہ ترقی یافتہ پاکستان کے لیے قانون کی حکمرانی ہی حل ہے۔

ہفتہ کے روز انٹرنیشنل جوڈیشل کانفرنس کے اختتامی سیشن سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ خواتین کو ایگزیکٹو، مقننہ اور عدلیہ کی فیصلہ سازی میں شامل کرنا ضروری ہے، خواتین پرتشدد کے واقعات کی فوری روک تھام کرنا ہوگی۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا پارلیمان اور حکومت عدالتی فیصلوں پر عملدرآمد کیلئے موثر نظام بنائیں۔ ترقی یافتہ ملک تب ہی بنے گا جب سب کی انصاف اور عدلیہ تک رسائی ہوگی۔

اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے سات ماہ میں 33 سو زیادہ مقدمات کے فیصلے ویڈیو لنک پر کئے، ویڈیو لنک سے وکلا اور سائلین کے وقت اور پیسے کی بچت ہوئی۔ وکلاء سائلین کو اے ڈی آر کا مشورہ دیں، نظام انصاف میں ٹیکنالوجی کے استعمال میں دنیا بہت آگے جا چکی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ملک کی تمام عدالتوں کو بذریعہ آٹومیشن سسٹم آپس میں لنک کیا جا رہا ہے، پولیس اور پراسیکیوشن کو جرائم پر قابو پانے کیلئے مزید تربیت کی ضرورت ہے۔ ضلعی عدلیہ کو نئی ترامیم سے آگاہی کیلئے تربیتی سیشنز کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ توقع ہے کانفرنس سے عام آدمی کی انصاف تک رسائی میں بہتری آئے گی، کانفرنس میں شرکت پر سنگاپور اور زیمبیا کے چیف جسٹس صاحبان کا مشکور ہوں۔