Friday, May 3, 2024

ترکیہ نے سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری مطلوب دہشتگردوں کی حوالگی سے مشروط کردی

ترکیہ نے سویڈن اور فن لینڈ کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری مطلوب دہشتگردوں کی حوالگی سے مشروط کردی
January 17, 2023 ویب ڈیسک

انقرہ (92 نیوز) - ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پہلے سویڈن اور فن لینڈ مطلوب دہشت گردوں کو ہمارے حوالے کرے، پھر ترک پارلیمنٹ ان ممالک کی نیٹو میں شمولیت کی منظوری دے گی۔

یوکرین پر روسی حملے کے بعد سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دی تھی، اس کی منظوری کیلئے تمام 30 رکن ممالک کی حمایت ضروری ہے۔ اسی حوالے سے صدر طیب اردوان نے کہا کہ سویڈن اور فن لینڈ کو 130 "دہشت گردوں"  کو ملک بدر کرنا چاہیے یا ترکی کے حوالے کرنا ہو گا، اس سے پہلے کہ ترک پارلیمنٹ نیٹو میں شمولیت کے لیے ان کی درخواست کی منظوری دے۔

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر سویڈن کو پہلے دہشتگردوں، خاص طور پر کرد عسکریت پسندوں اور2016  کی بغاوت کی کوشش کرنے والے گروہ کے خلاف واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔

ترکیہ کو مطلوب افراد کی حوالگی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، سویڈش وزیراعظم

دوسری جانب سویڈش وزیراعظم اولف کرسٹرسن نے کہا ہے کہ ترکیہ کو مطلوب افراد کی حوالگی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے، حکومت نے نہیں۔ ترکیہ کے ساتھ نیٹو مذاکرات معمول کے مطابق جاری ہیں، نیٹو رکنیت پر ترکیہ جو فیصلہ کرے گا ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔

اولف کرسٹر سن نے اسٹاک ہوم میں یورپی یونین کونسل کے صدر چارلس میشیل سے ملاقات کے بعد کہا کہ ترکیہ نے جو ہم سے بعض افراد کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے تو واضح کر دوں کہ اس کا فیصلہ حکومت نہیں عدلیہ کرتی ہے، وہ جو بھی فیصلہ کرے ہم اس کا خیر مقدم کریں گے۔ ترکیہ کے ساتھ نیٹو مذاکرات معمول کے مطابق جاری ہیں اور میرا خیال ہے کہ سویڈن کی نیٹو میں رکنیت کے لیے ترکیہ مثبت ردعمل ظاہر کرے گا۔ بہرحال فیصلہ ترکیہ کو ہی کرنا ہے۔