Monday, May 13, 2024

آصف زرداری نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم موخر کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی

آصف زرداری نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم موخر کرنے کیلئے درخواست دائر کر دی
August 3, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق صدر آصف زرداری نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی کے مبینہ غیر قانونی ٹھیکوں پر نیب ریفرنس می فرد جرم موخر کرنے کیلئے احتساب عدالت اسلام آباد میں درخواست دائر کر دی، عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا۔

ٹھٹھہ واٹر سپلائی کے مبینہ غیر قانونی ٹھیکوں پر نیب ریفرنس میں نیب کی ٹیم فرد جرم کیلئے ویڈیو لنک کا انتظام کرنے آصف زرداری کے کراچی گھر پہنچی تو سابق صدر نے فردجرم موخر کرنے کیلئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی۔

ایڈووکیٹ اسد عباسی کی جانب سے احتساب عدالت کے جج اعظم خان کے روبرو درخواست میں سابق صدر نے موقف اپنایا کہ ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس خارج کرنے کی استدعا کررکھی ہے ، ریفرنس خارج ہونے کی درخواست پر فیصلے تک فرد جرم موخر کرنے کی استدعا کردی۔

احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست پر نیب کو نوٹس جاری کردیا اور کل جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی ، احتساب عدالت کے جج اعظم خان آصف ، ،زرداری کی درخواست پر کل دوبارہ سماعت کرے گی۔

بیماری کے باعث عدم پیشی پر عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں آصف علی زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کی منظوری دی ، سابق صدر سمیت 14 ملزمان پر 4 اگست کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔