بات اب غریب سے نکل کر متوسط طبقے تک پہنچ گئی ہے ، اسد عمر

اسلام آباد ( 92 نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے بات اب غریب سے نکل کر متوسط طبقے تک پہنچ گئی ہے، بیماری سے بچنے کے ساتھ روزگار بھی بچانا ہے۔
کورونا وائرس سے پوری قوم پریشانی کا شکار ہے ، کاروبار تباہ اور غریب کو روٹی کے لالے پڑ گئے، ایسے میں وفاقی وزیر اسد عمر نے امید کی کرن دکھاتے ہوئے کہا ہے کہ بیماری سے بچنے کے ساتھ روزگار بھی بچانا ہے، جلد ایک سسٹم بنایا جائے گا۔
مشیر برائے قومی سلامتی نے کہا کہ طور خم سے آج 500 پاکستانی واپس آئیں گے ، کمرشل ائیر لائنز کو پاکستانیوں کو واپس لانے کی اجازت دیں گے ، لیکن چاہے کوئی زمینی راستے سے آئے یا پرواز سے سب کو دو دن کیلئے قرنطینہ میں رکھنے کےبعد کورونا ٹیسٹ لیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کل سے چھ ہزار پاکستانی ایک ہفتے میں وطن واپس لا سکیں گے ، کوشش کر رہے ہیں کہ شہروں میں قرنطینہ اورٹیسٹوں کی سہولت بڑھائیں۔
وفاقی وزیر حماد اظہر کا کہنا تھا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کیلئے دو ہفتوں میں پروگرام لا رہےہیں ۔
وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ کورونا سے لوگوں کے روزگار پر اثر پڑا ہے، مکمل لاک ڈاؤن ممکن نہیں ، کوشش ہے ایسا نظام لائیں جس سے لوگوں کا روزگار بھی محفوظ ہو اور کورونا بھی نہ پھیلے۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے آئندہ ماہ قرض حسنہ یا اس جیسی کوئی اور اسکیم لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو بجلی کے بلوں میں رعایت دی جائے گی۔
معید یوسف نے کہا آئندہ ہفتے 6 ہزار پاکستانیوں کو واپس لایا جائے گا، کوئی پرواز سے آئے یا زمینی راستے سے، 2دن قرنطینہ میں رکھا جائےگا،پھر ٹیسٹ کرانے کے بعد واپس جانے کی اجازت ملے گی۔
وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کورونا وائرس ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کورونا وائرس پر کنٹرول کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جارہے ہیں، شہریوں کو بھی احتیاط کرنا ہوگی۔