Saturday, April 20, 2024

شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حتمی فیصلہ نگران کابینہ کرے گی

شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حتمی فیصلہ نگران کابینہ کرے گی
June 26, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے معاملہ پر وزارت داخلہ کی تین رکنی کمیٹی نے اپنی رپورٹ مکمل کر لی۔ نواز شریف، مریم نواز اور کپیٹن ریٹائرڈ صفدر کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حتمی فیصلہ نگران کابینہ کرے گی۔ قومی احتساب بیورو کی جانب سے وزارت داخلہ کو شریف خاندان کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے تین مرتبہ خط لکھا گیا ۔ذرائع کے مطابق نگران کابینہ وزارت داخلہ کی رپورٹ پررواں ہفتے فیصلہ کرئے گی جبکہ نگران کابینہ کا اجلاس آئندہ دو روز میں متوقع ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز بیگم کلثوم نواز کی بیماری کے باعث لندن ہیں جس کے باعث وہ احتساب عدالت سے مسلسل غیر حاضر ہیں۔نیب نے چند ماہ قبل بھی وزارت داخلہ کو شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق خط لکھا تھا مگر مسلم لیگ ن کی حکومت کے اقتدار کے باعث شریف خاندان کا نام ای سی ایل میں نہیں ڈالا گیا تھا۔ نیب نے وزارت داخلہ کو سفارش کی کہ نواز شریف  ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے جب کہ نواز شریف کیخلاف عزیزیہ،فلیگ شپ کیسز کے ضمنی ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ۔ نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف،مریم نواز، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور نواز شریف کے دونوں بیٹوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لئے وزارت داخلہ کو  الگ الگ مراسلے لکھے۔ مراسلے میں لکھا گیا کہ شریف فیملی کے خلاف احتساب عدالت میں نیب ریفرنسز زیر سماعت ہیں انہیں باہر جانے سے روکا جائے ۔ پہلے مراسلے میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی گئی جبکہ دوسرے مراسلے میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی درخواست کی گئی ۔ خط میں سابق وزیراعظم کے صاحبزادوں کی وطن واپسی پر گرفتاری کی بھی سفارش کی گئی ۔