Thursday, April 18, 2024

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے، شہباز شریف

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے، شہباز شریف
January 26, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا ہے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نظام بیٹھ جانے کا اعلان ہے۔

شہباز شریف نے کہا رپورٹ جھٹلانے کے بجائے گریباں میں جھانکنا اور خود احتسابی درکار ہے۔ غور کرنا ہو گا ایک نااہل شخص کتنا خطرناک ثابت ہوتا ہے۔

 ادھر رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمن بولیں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر وزیراعظم اور وزیرا کا ردعمل حیران کن ہے۔ میں نہ مانوں کے رویے سے حقیقت تبدیل نہیں ہو گی۔

واضح رہے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے دنیا بھر میں کرپشن کی عالمی درجہ بندی رپورٹ جاری کی تھی۔ کرپشن کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی بدترین صورتحال سامنے آگئی ۔ ملک میں درجنوں گرفتاریوں، نیب ریکوریز کے دعوؤں اور حکومتی پالیسیوں کے باوجود کرپشن میں کمی کے بجائے اضافہ ہو گیا۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے اسکور میں 3 پوائنٹس کی کمی آئی، 2021ء میں پاکستان صرف 28 پوائنٹس حاصل کرسکا جبکہ 2020ء میں پاکستان اکتیس پوائنٹس حاصل کئے تھے۔ کرپشن بڑھنے کی وجہ سے پاکستان عالمی رینکنگ میں 140 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کےمطابق کرپشن پرانڈیکس کے لئے ڈیٹا پی ٹی آئی دور حکومت کے دوران لیا گیا۔ انڈیکس اور جمہوریت کی اقسام کے ڈیٹا و رپورٹس کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ کرپشن کی عالمی درجہ بندی کےمطابق پاکستان میں بھارت اور سری لنکا سے بھی زیادہ کرپشن ہے۔