Friday, April 26, 2024

ترامیم کے بعد نیب کے نئے قانون کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری، کاپی 92 نیوز کو موصول

ترامیم کے بعد نیب کے نئے قانون کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری، کاپی 92 نیوز کو موصول
June 24, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - قومی احتساب آرڈیننس 1999 میں ترامیم کے بعد نیب کے نئے قانون کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ 19 صفحات پر مشتمل گزٹ نوٹیفکیشن کی کاپی92 نیوز نے حاصل کرلی۔

تحریک انصاف کے دور میں آرڈیننس کے ذریعے کی گئی بیشتر ترامیم باقاعدہ قانون بن گئیں۔ نیا گزٹ نوٹیفکیشن احتساب عدالتوں میں پیش کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے تحت احتساب عدالت کیسوں کے مستقبل کا تعین کریں گی۔ چیئرمین نیب کا وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا اختیار برقرار مگر مشروط ہو گا۔ ملزم کے فرار ہونے یا شہادتیں ضائع کرنے کے ٹھوس شواہد پر وارنٹ جاری کرسکیں گے۔

ٹیکس، وفاقی، صوبائی کابینہ، کونسلز، اسٹیٹ بینک کے فیصلے نیب اختیار سے باہر ہوں گے، مالی فائدہ لینے کے ثبوت کے بغیر طریقہ کار کی خرابی پر نیب کارروائی نہیں ہو گی۔ وفاقی، صوبائی قوانین کے تحت بنی ریگولیٹری باڈیز کے کیسز پر نیب اختیار ختم ہوگیا۔ محض گمان کی بنیاد پر ملزم کو سزا کی بنیاد بننے والی شق 14 بھی ختم کردی گئی۔

بار بار نوٹس جاری ہونے پر بھی شامل تفتیش نہ ہونے پر وارنٹس جاری ہو سکیں گے۔ بند ہو چکی انکوائری یا انویسٹیگیشن عدالتی اجازت کے بغیر دوبارہ نہیں کھلے گی۔ نیب افسران پر انکوائری یا انوسٹی گیشن کی تفصیل عام کرنے پر پابندی عائد ہوگی۔