Friday, April 26, 2024

ٹویٹر نے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کیلئے 8 ڈالرز ماہانہ وصول کرنا شروع کر دیئے

ٹویٹر نے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کیلئے 8 ڈالرز ماہانہ وصول کرنا شروع کر دیئے
November 6, 2022 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (92 نیوز) - ٹویٹر نے ویریفائیڈ اکاؤنٹ کیلئے 8 ڈالرز ماہانہ وصول کرنا شروع کر دیئے۔ بلیو ٹک والے اکاؤنٹس اب زیادہ دورانیے کی ویڈیوز اپ لوڈ کرسکیں گے، ان اکاؤنٹس کو رینکنگ میں بھی ترجیح دی جائے گی۔ جبکہ اشتہارات بھی کم دیکھنے کوملیں گے۔

ایپل پرٹویٹر ایپلی کیشن کو اپ ڈیٹ کردیا گیا، جس کے مطابق اب صارفین ماہانہ 8 ڈالرز ادا کرکے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ویری فائیڈ کر واسکتے ہیں۔ یعنی بلیو ٹک حاصل کرنے کیلئے تقریبا 1800 روپے ادا کرنے ہونگے۔

ٹویٹر پربلیوٹک 2009 میں متعارف کرایا گیا تھا جس سے سیاستدانوں، کھلاڑیوں، فنکاروں، صحافیوں اور کاروباری شخصیات نے اپنے اکاونٹس ویری فائیڈ کروا لیے۔ بلیوٹک حاصل کرنے کا طریقہ کار خاصا دشوار تھا جس پر تنقید بھی ہوتی رہی۔ اس عمل کو آسان اور شفاف بنانے کیلئے مئی2021میں کمپنی نے گائیڈ لائنزمتعارف کرائیں۔

بلیوٹک کی سہولت ملنے کے پہلے سال اسے حاصل کرنے والوں کی تعداد محض 5 ہزارتھی۔ 2014 تک بلیوٹک کے حامل صارفین کی تعداد میں 1 لاکھ 16 ہزار تک اضافہ ہوا، جو 2018 میں بڑھ کر 3 لاکھ 11 ہزار ہوگئی۔

ٹویٹرکے 24 کروڑ صارفین میں سے 4 لاکھ 24 ہزارافراد بلیوٹک کے حامل ہیں جو کل صارفین کا 0.02 فیصد بنتے ہیں۔ ان میں سے اگر 50 فیصد صارفین بھی 8 ڈالر ماہانہ ادا کرتے ہیں تو ایلون مسک کوسالانہ 2 کروڑ 3 لاکھ 52 ہزارڈالر آمدن ہوگی۔