Saturday, April 27, 2024

ٹویٹر ملازمین کی چھانٹی کا عمل، ایلون مسک کیخلاف سٹاف عدالت پہنچ گیا

ٹویٹر ملازمین کی چھانٹی کا عمل، ایلون مسک کیخلاف سٹاف عدالت پہنچ گیا
November 4, 2022 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (92 نیوز) - ٹویٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی دنیا کی ارب پتی شخصیت ایلون مسک نے ادارے نے چھانٹی کا عمل شروع کردیا۔ ملازمین کو فارغ کرنے کےمعاملے پر ایلون مسک اور ملازمین آمنے سامنے آگئے، ملازمین کو نکالنے کی اطلاع کے بعد سٹاف عدالت پہنچ گیا۔

نت نئے بیانات سے میڈیا میں ان رہنے والے دنیا کے ارب پتی شخص ایلون مسک نے ایک بار پھر اپنے اقدامات سے دنیا کی توجہ اپنی طرف کھینچ رکھی ہے۔

ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹویٹر کو خرید تو لیا لیکن اپنی پالیسیوں کی وجہ سے وہ پھر سے میڈیا کی زینت بن رہے ہیں۔

ایلون مسک نے ٹویٹر کا کنٹرول سنبھالتے ہی سٹاف میں کمی کا اعلان کیا۔ نہ صرف اعلان کیا بلکہ عملی طور پر عملے کو فارغ کرنے کے اقدامات بھی شروع کردئیے۔

سٹاف کوبھیجے گئی ای میل کے مطابق آج سے سٹاف کونکالنے کا عمل شروع ہونا ہے، جس کے لئے ٹویٹر کے دفاترعارضی طور پر بند کئے جائیں گے اور 12 بجے ملازمین کو بتایا جائے گا کہ ان کی ملازمت برقرار ہے یا برطرف کردیا گیا ہے۔

ایلون مسک کے اقدامات نے ٹویٹرملازمین میں خوف وہراس پھیلا دیا ہے، نکالے جانے والے کئی سابق ملازمین نے ٹویٹر کے نئے مالک کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا ہے۔

ملازمین نے موقف اختیارکیا کہ جبری برطرفی لیبر قوانین کے خلاف ہے جس کے خلاف وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔ کچھ ملازمین نے برطرفی کی ای میل کو آن لائن شئیر کرکے اپنے غم وغصے کا اظہارکیا۔ سابق ملازمین نے سان فرانسسکو کی فیڈرل کورٹ میں کیس درج کرایا ہے۔

ایلون مسک نے گزشتہ ہفتے 44 ارب ڈالر میں ٹویٹر خریدنے کے بعد اس کے سٹاف میں 50 فیصد تک کمی کا منصوبہ بنایا ہے۔