Thursday, April 25, 2024

توشہ خانہ ریفرنس، چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا

توشہ خانہ ریفرنس، چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا
August 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نا اہلی کیلئے دائر درخواست پر چیف الیکشن کمشنر نے عمران خان کے وکیل کو ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔

الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نااہلی کی درخواست پرسماعت ہوئی۔ عمران خان کے معاون وکیل بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے کاغذات میں عمران خان ابھی بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔ ریکارڈ پر کہا جاتا ہے الیکشن کمیشن استعفے منظور نہیں کر رہا۔ الیکشن کمیشن کو جتنے استعفے موصول ہوئے منظور کر لیے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تقاریر کیلئے میڈیا پر جائیں یہاں قانون پر بات کریں۔ ہم نے 30 روز کے اندر اس کیس کا فیصلہ کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کے وکیل کی استدعا پر انہیں ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان نے جھوٹ بولا ہے، انہیں الیکنشن کمیشن پیش ہو کر رسیدیں دینا ہوں گی۔ پاکستان کو حقیقی لیڈرز ملنے چاہیے، میاں نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے۔