Friday, April 26, 2024

توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے مزید ایک ہفتہ کی مہلت مل گئی

توشہ خانہ ریفرنس، عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے مزید ایک ہفتہ کی مہلت مل گئی
August 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) – الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کو جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی۔

الیکشن کمیشن میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت چیف الیکشن کمیشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی۔ عمران خان کی جانب سے جواب جمع کرانے کیلئے 3 ہفتے کا وقت مانگا گیا۔ کمیشن نے جواب جمع کرانے کیلئے ایک ہفتے کی مہلت دیدی۔

عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اکاؤنٹنٹ سے ڈیٹا لینے کیلئے تین ہفتے کا وقت درکار ہے جو اثاثے ڈیکلیئر کیے گئے ان کا ریکارڈ پیش کرنا ہے۔ کسی نے آج تک گھڑی، لاکٹ سیٹ اثاثوں میں ڈیکلیئر کیے؟ حکومتی اتحاد کے وکیل بیرسٹر خالد اسحاق نے تین ہفتے کا وقت دینے کی مخالفت کی جس پر کمیشن نے ایک ہفتے کا وقت دیدیا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایک ہفتے کا وقت بہت کم ہے، چیف الیکشن کمیشنر نے کہا کہ اگست با برکت مہینہ ہے ستمبر میں مت جائیں۔ وکیل عمران خان نے کہا کہ جائزہ لے رہے ہیں کبھی کسی نے آئی فون اور گھڑیاں ظاہر کی ہیں یا نہیں۔ کیس کی سماعت 29 اگست تک ملتوی کردی گئی۔

توشہ خانہ ریفرنس کے درخواست گزار محسن شاہ نواز رانجھا میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان نے تحائف لیکر چھپانے کی کوشش کی۔ توشہ خانہ سے کراکری تک گھر لے گئے۔

لیگی رہنماء کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اصل چہرہ عوام کے سامنے لائیں گے، نیب سے بھی سوال پوچھیں گے مالم جبہ، بی آر ٹی، ہیلی کاپٹر کیس کیوں بند کئے گئے۔